بھٹکل 22 / نومبر (ایس او نیوز) عالمی یوم ماہی گیری کے موقع پر مرڈیشور کے گولف ریسارٹ میں منعقدہ مچھلی میلہ 2024 کا افتتاح کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے اعلان کیا کہ مصائب کا شکار ہونے والے ماہی گیروں کی راحت رسانی کے لئے جو 'ڈسٹریس ریلیف فنڈ' ہے اس میں معاوضہ کی رقم 8 لاکھ روپے سے بڑھا کر اب 10 دس لاکھ روپے کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں نے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی، سبسیڈی میں اضافہ جیسے کئی مطالبات حکومت کے سامنے رکھے ہیں ۔ سرکاری سطح پر ان مطالبات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ ریاستی حکومت ٹّورزم کے فروغ اور ساحلی علاقے کو ترقی دینے کے لئے پوری طرح کاربند ہے ۔ اس ضمن میں کی جا رہی بندرگاہوں کی ترقی کے ذریعے ماہی گیری کے لئے آسانیاں حاصل ہوں گی ۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے ماہی گیروں کے لئے 10 ہزار مکانات فراہم کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے اور جلد ہی ایک نئی سیاحت پالیسی کا نفاذ کرے گی، جس سے ساحلی کرناٹکا کے نوجوانوں کو اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے مواقع ملیں گے۔ ڈی کے شیوکمار نے کہا، "ماہی گیروں کی اولاد کو بہتر روزگار کے لیے دوسرے اضلاع یا ریاستوں میں جانا پڑتا ہے۔ نئی سیاحت پالیسی انہیں اپنے ہی علاقوں میں بہتر مواقع فراہم کرے گی۔"
اپنے خطاب میں ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ماہی گیر طبقہ معاشی طور پر پسماندہ ہے، اور حکومت ان کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے نئے پروگرام نافذ کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بندرگاہوں کی ترقی کے لیے سروے مکمل ہو چکا ہے، اور اڈپی، منگلور، اور اتر کنڑا کے ساحلی علاقوں میں نجی شراکت داری کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔
شیورام ہیبار کانگریس میں؟: اس پروگرام میں بی جے پی کی ٹکٹ پر یلاپور حلقہ سے منتخب ہونے والے شیورام ہیبار نے شرکت کی اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار سے ملاقات کرنے کے علاوہ وہ اسٹیج پر موجود رہے ۔ ڈی کے شیو کمار نے اپنے خطاب کے دوران واضح انداز میں کہا :"اتر کنڑا کے عوام نے ہماری پارٹی کو 6 میں سے 5 اسمبلی سیٹیں دی ہیں ۔ شیورام ہیبار ہمارے اپنے ہیں ۔ بی جے پی سے جیتنے کے باوجود اب وہ کانگریس کے رکن اسمبلی ہیں۔" اس طرح ڈی کے شیو کمار نے کھلے عام شیو رام ہیبار کے لئے کانگریس میں داخلے کا راستہ صاف ہونے کا اعلان کر دیا ۔
وزیر برائے ماہی گیری، بندرگاہ اور اندرون آبی نقل و حمل منکال ویدیا نے اعلان کیا کہ ریاست بھر میں 13 بندرگاہوں کی ترقی کے لیے 650 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ مزید یہ کہ مرڈیشور میں ایک نئی بندرگاہ تعمیر کی جائے گی، جس پر تقریباً 450 کروڑ روپے لاگت آئے گی، اور یہ سیاحت اور مقامی ترقی کو فروغ دے گی۔منکال ویدیا نے کہا، "ماہی گیر ہماری قیمتی اثاثہ ہیں۔ حکومت ضمانت اسکیموں کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں پر بھی زور دے رہی ہے۔"
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹیو ریفارمس کمیشن کے صدر آر وی دیشپانڈے نے کہا کہ ماہی گیر دنیا کی بہت بڑی طاقت ہیں ۔ یہ ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں ۔ وہ جرات مندانہ اور مشکلوں بھری زندگی گزارتے ہیں ۔ یہ لوگ کسی بھی حالت میں اپنی ذمہ داری فراموش نہیں کرتے ۔
پروگرام کے دوران مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ماہی گیروں کی تہنیت کرنے کے علاوہ ماہی گیری کے زمرے میں بہت ساری سہولتیں تقسیم کی گئیں ۔
اس موقع پر کانگریس ایم ایل اے ستیش سئیل، بھیمنّا نائک کے علاوہ ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم نارائین، فشریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی صدر مالا نارائین راو، محکمہ ماہی گیری کے ڈائریکٹر دنیش کمار، کانگریس ضلع صدر سائی گاونکر ، ضلع پنچایت کے ایگزیکٹیو آفیسر ایشور کھانڈو اور کئی دیگر شامل تھے۔
پروگرام میں نہیں تھے کینرا ایم پی اور کمٹہ رکن اسمبلی : حالانکہ عالمی یوم ماہی گیری کے حوالے سے حکومت نے ریاستی سطح کا 'مچھلی میلہ' پروگرام ضلع اتر کنڑا میں منعقد کیا تھا، مگر بی جےپی سے تعلق رکھنے والے اُترکنڑا کے رکن پارلیمان وشویشور ہیگڈے کاگیری اور کمٹہ حلقے کے رکن اسمبلی دینکر شیٹی اس پروگرام سے غائب رہے ۔ البتہ بی جے پی سے جیت درج کرنے والے اُڈپی رکن اسمبلی یشپال سوورنا اور ایم ایل سی گنپتی الویکر پرگرام میں موجود تھے ۔
ریاست کے مختلف اضلاع سے ہزاروں ماہی گیر اس تقریب میں شریک ہوئے، جہاں ان کے لیے خصوصی مچھلی کے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ مقامی افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کر کے تقریب کو شاندار بنایا۔